Friday, April 23, 2021

Present Indefinite Tense زمانہ حال مطلق




نوٹ: ملاحظہ فرمائیں دوستو! اس بلاگ کو HTML میں بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔
زمانہ حال مطلق
یعنی
Present Indefinite Tense

محترم دوستو، جیسا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ ہم اپنی زندگی میں زمانہ کے قیدی ہیں اور زمانہ سے مراد وقت ہے۔ وقت جس میں ہم مقید ہیں وہ تین طرح کا ہر دم ہمارے ساتھ رہتا ہے۔جس وقت میں ہم سب سے رہتے ہیں وہ موجودہ زمانہ یعنی حال ہوتا ہے اور اسی حال میں رہتے ہوئے ہم اپنی زندگی گزارتے ہیں۔
     ہم اسی حال میں اپنے ماضی کے ساتھ جڑے ہوتے ہیں اور ماضی کے قصے اور واقعات ایک دوسرے کے ساتھ اپنی زبان میں شئیر کرتے رہتے ہیں۔ اکثر دوست مستقبل کے ارادے بھی شئیر کرتے ہیں۔ تو یوں ہمیں معلوم ہو گیا کہ زمانے تین طرح کے ہوتے ہیں۔
ایک زمانہ ماضی جو کہ بیتی یادیں ہوتی ہیں جن کا اکثر ہم ذکر کرتے رہتے ہیں۔
دوسرا مستقبل کا زمانہ جو ابھی نہیں آیا ہوتا لیکن ہمارے خواب و خیالات کی ایک حسین جنت کی مانند ذہن میں کہیں سمایا ہوتا ہے جس کے متعلق ہم اپنے دوستوں اور قریبی ساتھیوں سے ذکر کرتے رہتے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔اور
تیسرا زمانہ وہ جو ہر دم ہمارے ساتھ ساتھ چلتا ہے اور جسے حال یا   ہر دم موجود زمانہ بھی کہا جاتا ہے۔
    تو آئیے دوستو، ہم سب سے پہلے اسی زمانہ کو سیکھتے ہیں  جسے ہم زمانہ حال کہتے ہیں۔ہم یہ سیکھیں گے کہ کیسے ہم اس زمانہ میں رہتے ہوئے جب آپس میں گفت و شنید کرتے ہیں تو انگریزی میں ہم یہ گفتگو کس طرح سے کریں گے کہ ہمارا جملہ بالکل واضح ہو اور انگریزی کی گرائمر کے کلیے اور قاعدے کے مطابق بالکل درست ہو جائے اور اُس میں کوئی غلطی نہ ہونے پائے۔
زمانہ حال کی چار صورتیں بتائی گئی ہیں۔
1- زمانہ حال مطلق
2- زمانہ حال جاری
3- زمانہ حال مکمل
4- زمانہ حال مکمل جاری
آج ہم پہلی صورت کا بغور جائزہ لیں گے ،اسے ہم زمانہ حال مطلق کہتے ہیں۔

اُردو کے جملے میں اسے پہچاننا:
اردو کے جملے کے آخر میں جب تا ہے، تا ہوں ، تی ہے یا تے ہیں آتا ہو تو ایسا جملہ زمانہ حال مطلق کہلاتا ہے۔ مثال کے طور پر
1- میں جاتا ہوں۔
2-ہم آتے ہیں۔
3- وہ بھاگتے﴿بھاگ تےہیں۔
4- آپ کھانا کھاتے ہیں۔
5- وہ کرکٹ کھیلتا  ﴿کھیل تاہے۔
6- وہ کھانا پکاتی ہے۔
7- یہ دودھ پیتی ﴿پی تیہے۔
8- حامد گاڑی چلاتا ہے۔

انگریزی میں بنانے کا طریقہ:
ان اردو کے جملوں کو انگریزی میں بناتے ہوئے ا س بات کا خیال کیا جاتا ہے کہ اس میں I,We,They,You کے ساتھ  Verb کی پہلی فارم لگائی جاتی ہے اور جملے کو مکمل کیا جاتا ہے۔ جبکہ اگر جملے کا آغاز He, She, It اور کسی واحد نام کے ساتھ ہو جائے تو Verb کی پہلی فارم کے ساتھ s یا  es کا اضافہ کرتے ہوئے جملے کو مکمل کیا جاتا ہے۔
    مثال کے طور پر آپ اوپر دیے گئے پہلے چار جملے بغور ملاحظہ فرمائیں۔
1- میں جاتا ہوں۔میں کو انگریزی میں(I) کہتے ہیں۔ اور جانے کو(go) کہتے ہیں۔ لہذا  میں جاتا ہوں کو I go کہیں گے۔
2-ہم آتے ہیں۔ہم کو انگریزی میں (We) کہتے ہیں اور آنے کو (Come) کہتے ہیں لہذا ہم آتے ہیں کو We come کہیں گے۔اور اِسی طرح اگلا جملہ اب ملاحظہ فرمائیں۔
3- وہ بھاگتے﴿بھاگ تے﴾ ہیں۔وہ بھاگتے ہیں  میں (وہ) بہت سارے افراد کو ظاہر کر رہا ہے جسے انگریزی میں( They) کہتے ہیں۔ اور بھاگنے کی انگلش (Run)ہوتی ہے۔ یوں ہم انگریزی میں اسے تبدیل کرتے ہوئے کہیں گے۔ They run
4- آپ کھانا کھاتے ہیں۔ یہاں (آپ) کو انگریزی میں (You) کہتے ہیں اور کھانا کو (Meal) کہتے ہیں جبکہ کھانے کو (eat)  کہتے ہیں چنانچہ یہ انگریزی میں یوں کہلائے گا۔You eat meal
اَب آئیے یہاں کچھ تکنیکی پہلوؤں پر غور کرتے ہیں۔
میں نے اوپر آپ سے ذکر کیا تھا  کہ اس میں I,We,They,You کے ساتھ  Verb کی پہلی فارم لگائی جاتی ہے اور جملے کو مکمل کیا جاتا ہے۔ اگر آپ غور کریں تو Tenses سیکھنے کے دوران آپ کو دو گروپس اہم دکھائی دیں گے۔ یہ وہ گروپس ہیں جن سے عمومی طور پر جملے کا آغاز ہوتا ہے۔
پہلا گروپ؛ I/We/They/You
دوسرا گروپ؛ He/She/It/Single name
اس وقت ہم نے اپنے جملوں میں صرف پہلے گروپ میں شامل ان الفاظ کا استعمال کیا ہے جو جملوں کے آغاز میں بولے گئے ہیں یعنی I,We,They,You اور ہم نے ان چار جملوں میں Verb بھی استعمال کیے۔ دوستو، آگے بڑھنے سے پہلے میں یہ بتاتا جاؤں  کہ Verb کسی کام کے کرنے یا ہونے کو کہا جاتا ہے۔جیسے اوپر دیے گئے جملوں میں آتے، جاتے، بھاگتے، کھاتے وغیرہ۔ انگریزی میں Verb  کے متعلق تفصیلی جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔ بہرحال زمانہ حال مطلق میں پہلے گروپ کے آغازیہ الفاظ کے ساتھ Verb  کی پہلی فارم کا استعمال کرتے ہوئے جملے کو مکمل کیا جاتا ہے اور کچھ بھی اس کے ساتھ اضافہ نہیں کیا جاتا۔ ہم اہل وطن اکثر ایک بہت بڑی غلطی کر جاتے ہیں کہ انگریزی بولتے ہوئے s اور es اور  ing کا بے جا استعمال کرتے ہیں جس سے جملے کے پورے معنی بدل جاتے ہیں اور پڑھے لکھے لوگوں کو یہ سمجھنے میں دقت نہیں ہوتی کہ آپ کتنے پانی میں ہیں۔ اسی لیے ایسے جملوں سے پر ہیز کریں اور صحیح سے انگریزی بولنا، پڑھنا اور لکھنا سیکھ لیں۔ اب آئیے آگے بڑھتے ہیں۔
        دوسرا گروپ اُن آغاز کے لفظوں کا ہے جیسے He/She/It and single name تو ایسے جملے میں Verb کی پہلی فارم کے ساتھ s  اور es کا اضافہ کیا جاتا ہے جیسے کہ اوپر کے دئیے گئے چار جملوں کو اگر ہم انگریزی کے سانچے میں ڈھالیں تو وہ جملے یوں مکمل ہوں گے۔
5- وہ کرکٹ کھیلتا  ﴿کھیل تاہے۔He plays cricket
6- وہ کھانا پکاتی ہے۔She cooks the meal
7- یہ دودھ پیتی ﴿پی تیہے۔It drinks milk
8- حامد گاڑی چلاتا ہے۔Hamid drives the car
یہاں ہم نے آپ کی آسانی کی غرض سےHe/She/It/Single nameاور Verb کی پہلی فارم کے ساتھ s کو سرخ رنگت میں ظاہر کر دیا ہے۔

منفی جملہ بنانے کا طریقہ:
    زمانہ حال مطلق کے جملے کو منفی بناتے ہوئے I,We,They,You کے ساتھ Do not کا استعمال کرتے ہیں اور He, She, It and single name کے جملوں کے ساتھ Does not کا استعمال کیا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر؛
 1- میں نہیں جاتا ہوں۔I do not go
2-ہم نہیں آتے ہیں۔We do not come
3- وہ نہیں بھاگتے﴿بھاگ تے﴾ ہیں۔They do not run
4- آپ کھانا  نہیں کھاتے ہیں۔You do not eat meal
5- وہ کرکٹ نہیں کھیلتا  ﴿کھیل تاہے۔He does not play cricket
6- وہ کھانا نہیں پکاتی ہے۔She does not cook the meal
7- یہ دودھ نہیں پیتی ﴿پی تیہے۔It does not drink the milk
8- حامد گاڑی نہیں چلاتا ہے۔Hamid does not drive the car
   
سوالیہ جملہ بنانے کا طریقہ:
    اس جملے کو جب سوالیہ جملہ بنانا ہو تو سب سے پہلے Do اور Does کو انگریزی کے جملے میں لے کر آتے ہیں اور پھر گروپ اول اور گروپ دوم کے الفاظ کو لاتے ہیں۔ٓاخر میں Verb کی پہلی فارم کے ساتھ اندراج کرتے ہوئے سوالیہ نشان لگا کر جملہ مکمل کیا جاتا ہے۔ نیچے دیئے گئے بطورِ مثال جملوں سے آپ اِسے با آسانی سیکھ سکیں گے۔
سوالیہ منفی جملہ بنانے کا طریقہ:
    سوالیہ منفی جملہ اُس جملے کو کہا جاتا ہے کہ جس میں کسی کام کے نہ ہونے کا سوال کیا جائے جیسا کہ نیچے درج جملے واضح کر رہے ہیں کہ ہر جملے میں سوال کیا گیا ہے کہ یہ کام نہیں ہوا۔ اس کو انگریزی کے قالب میں ڈھالنے کا طریقہ یہ ہے کہ سب سے پہلے Do/Does کو لکھتے/بولتے ہیں، پھر I, we, they, you, he, she, it and single name کو بولا اور لکھا جاتا ہے، اس کے بعد نفی کا صیغہ not لگا کر Verb  کی پہلی فارم کا استعمال کرتے ہوئے آخر میں سوالیہ نشان لگا دیا جاتا ہے اور یوں اسے انگریزی میں زمانہ حال مطلق کے قوانین کے مطابق سوالیہ منفی جملے میں  تبدیل کر دیتے ہیں۔ آئیے درج ذیل جملوں کو بغور دیکھیں اور سیکھیں۔
1-کیا میں نہیں جاتا ہوں؟
?Do I not go
2-کیاہم نہیں آتے ہیں؟
?Do we not come
3- کیاوہ نہیں بھاگتے﴿بھاگ تے﴾ ہیں؟
?Do they not run
4-کیا آپ کھانا  نہیں کھاتے ہیں؟
?Do you not eat meal
5- کیاوہ کرکٹ نہیں کھیلتا  ﴿کھیل تاہے؟
?Does he not play cricket
6- کیاوہ کھانا نہیں پکاتی ہے؟
?Does she not cook the meal
7- کیایہ دودھ نہیں پیتی ﴿پی تیہے؟
?Does it not drink the milk
8- کیاحامد گاڑی نہیں چلاتا ہے؟
?Does Hamid not drive the car
   الحمدُ للہ۔۔۔الحمدُ للہ۔۔۔ Present Indefinite Tense  سے متعلق یہ کورس اپنے اختتام کو پہنچا اور اللہ پاک کی مدد شامل حال رہی تو ان شا اللہ تمام کورسز آپ سب کی خدمت میں پیش کیے جائیں گے۔ اب آخر میں اگر آپ چاہیں تو درج ذیل مشق کو خود سے کر سکتے ہیں اور اپنے آپ کو خود سے پرکھ لیں۔ ذیل میں ایک ڈاؤن لوڈ لنک  دیا گیا ہے جس میں خود آزمائشی کی مشق آپ بالکل مفت میں ڈاؤن لوڈ کریں اور اپنی Present Indefinite Tense کی Skill کو خود سے آزما کر دیکھ لیں کہ آیا آپ کو یہ زمانہ حال مطلق بخوبی سمجھ میں آگیا ہے کہ نہیں۔
جزاک اللہ کل خیرا
کمینٹ سیکشن میں اپنی رائے سے  لازمی آگاہ فرمائیں۔
آپ آن لائن مزید کیا کچھ سیکھنا چاہتے ہیں، ہمیں ضرور بتائیں۔
کیا آپ کو یہ اسباق فائدہ دے رہے ہیں؟ ہمیں ضرور آگاہ کریں۔

No comments:

Post a Comment